ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرونا کے نام پر دلتوں اور اقلیتوں کو غریب بنانے کی کوشش کررہی ہے بی جے پی:راج بھر کا بڑادعویٰ

کرونا کے نام پر دلتوں اور اقلیتوں کو غریب بنانے کی کوشش کررہی ہے بی جے پی:راج بھر کا بڑادعویٰ

Sat, 26 Dec 2020 11:21:43    S.O. News Service

بلیا، 26؍ دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (سبھاسپا) کے قومی صدر اور سابق وزیر اوم پرکاش راج بھر نے بی جے پی پرحملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جھوٹی پارٹی ہے اور کسانوں کی حفاظت نہیں کررہی ہے بلکہ اڈانی اور امبانی کی غلام بنی ہوئی ہے۔

جمعرات کو بلیا ضلع کے سکندر پور علاقے میں پارٹی کی ایک تقریب میں شرکت کے لئے آئے راج بھر نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہمیں کورونا پر یقین نہیں ہے، نزلہ یا کھانسی بہت دائمی بیماری ہے۔ جب کووڈ19 کی دوائیں نہیں بنتی ہیں تو پھر 98 فیصد مریض کیسے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کووڈ کے نام پر غریب، کمزور، پسماندہ، دلت اور اقلیت کو غریب بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

راج بھر نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بنایا اور کہاکہ مغربی بنگال میں وزیر داخلہ کے جلسے کو دیکھیں۔ ریلی میں کسی کو ماسک پہنے ہوئے نہیں دیکھا گیا ۔ یہی منظر بہار اسمبلی انتخابات اور اترپردیش اسمبلی ضمنی انتخابات میں دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت کوئی کورونا نہیں ہے اور انتخابات ختم ہوتے ہی کورونا کی بحث شروع ہوجاتی ہے۔

دوسری طرف سبھاسپا کے اے آئی ایم آئی ایم کے ساتھ اتحاد اور اترپردیش کو پاکستان بنانے کے الزام پر انہوں نے کہاکہ آج اوم پرکاش راج بھر کے ساتھ اویسی آچکے ہیں تو تمام جماعتیں بوکھلاگئی ہیں، کیونکہ 22 فیصد ووٹ اویسی کا ہے اور آٹھ فیصد ووٹ پورانچل میں اوم پرکاش راج بھر کاہے، ہمارے ساتھ سنکلپ مورچہ ہے، جس کا ووٹ 43 فیصد ہے۔


Share: